اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے غاصبانہ تسلط نے مقبوضہ کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپنوزا سے ملاقات کے دوران کہی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر جنرل اسمبلی نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں ۔ اس دوران ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے تین ہفتے سے زیادہ عرصے سے کشمیریوں کی تمام آزادیاں سلب کر رکھی ہیں، اقوام متحدہ کی کشمیر پر تاریخی ذمہ داریاں ہیں جو اسے نبھانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دلوانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔