آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جہاں اس کاحق بنتا ہے۔ ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سندھ کے طلبا نے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ کوئی مذہب دوسروں کا حق مارنے کی اجازت نہیں دیتا اور فوجی قوت سے زیادہ طاقتور اخلاقی قوت ہوتی ہے، ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے آزاد کرایا، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ ہم نے پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جہاں اس کاحق بنتا ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے پاکستان کی قیادت کے لئے ترجیحات طے کرنی ہیں اور بطور لیڈر پاکستان کی سمت کاتعین کرنا ہے، ہماری مائیں ایسی ہیں جو ملک پر جان نچھاور کرنے والے بچے پیدا کرتی ہیں اور ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔