آنجہانی راجیش کھنہ کے مداح ان کی75ویں سالگرہ آج منا ئینگے

ستر کی دہائی میں بولی وڈ فلموں کے لئے کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے رومانٹک ہیرو راجیش کھنہ کے مداح 29 دسمبر کو ان کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔60کے عشرے کے آخر میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے عظیم اداکار مشرقی پنجاب کے شہر امرتسر میں29دسمبر 1942 کوپیدا ہوئے جن کا اصل نام جیتن کھنہ تھا۔ اپنی ابتدائی فلموں ’بہاروں کے سپنے‘،’راز‘ اور’عورت‘ سے ہی انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوگئی اور اس کے بعد وہ 1991 میں فلمی دنیا چھوڑنے تک سینما اسکرین پر چھا ئے رہے۔ فلم ’خاموشی‘ میں ان کے کردار کو بے حد سراہا گیا اور نقادوں نے بھی انہیں بھارتی سینما اور ہندی فلموں کا پہلا سپر اسٹار قرار دے دیا۔ انہوں نے 1973 میں اداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی جن سے ان کے دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکل کھنہ ہیں تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 1984 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ راجیش کھنہ نے 1991میں فلمی دنیا چھوڑ کر سیاست کا آغاز کیا اور کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے اور رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہوئے۔اپنے انداز اور کرداروں کو لازوال بنانے والے سپرسٹار راجیش کھنہ خود تو69برس کی عمر میں اس دنیا سے گزر گئے لیکن ان کا بے مثال فن انہیں مدتوں چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رکھے گا۔

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com