پاکستان میں یکم جنوری کو 14ہزار 910 بچے پیدا ہوئے

بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے اطلاع دی ہے کہ نئے سال 2018 کے پہلے دن پاکستان میں14ہزار 910بچے پیدا ہوئے ہیں۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق یہ بچے دنیا بھر میں یکم جنوری کو پیدا ہونے والےتین لاکھ 86ہزار بچوں میں شامل ہیں۔ ان میں سے نصف بچے صرف 9 ممالک میں پیدا ہوئے ۔

بھارت میں سب سے زیادہ یعنی 69 ہزار 70بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ چین میں44 ہزار 760، نائجیریا میں20 ہزار 210، انڈونیشیا میں 13 ہزار 370، امریکہ میں 11ہزار 280، ایتھوپیا میں نو ہزار 20، کانگو میں 9ہزار 400 اور بنگلادیش میں 8 ہزار 370 بچے پیدا ہوئے۔

یکم جنوری سے قبل یونیسف نے انکشاف کیا تھا کہ نئے سال کا پہلا بچہ کیری باتی کرسمس آئی لینڈ میں پیدا ہو گا جبکہ یکم جنوری کا آخری بچہ امریکہ میں آنکھ کھولے گا۔

یونیسیف کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر سٹیفن پیٹرسن کا کہنا ہے کہ یونیسف کا اس سال کا موٹو یہ ہے کہ پیدا ہونے والے ہر بچے کی زندگی ایک گھنٹہ، ایک دن اور پھر ایک ماہ سے زائد بڑھانے میں مدد فراہم کرے۔

اُنہوں نے کہا کہ یونیسف مختلف ملکوں کی حکومتوں اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر لاکھوں بچوں کی زندگیاں بچانے میں مدد کرے گا۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بچوں کی زندگیاں بچانے کی شرح میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے اور اعداد و شمار کے مطابق 2016 میں اپنی عمر کے پہلے پانچ سالوں کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے بچوں کی تعداد کم ہو 56 لاکھ رہ گئی تھی تاہم نوزائدہ بچوں کی زندگیاں بچانے میں ابھی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ادارے کے مطابق ان مرنے والے بچوں کا 46 فیصد پہلے ماہ کے اندر ہی موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

یونیسف کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ عالمی سطح پر ’ہر بچہ زندہ‘ کے نام سے ایک مہم کا آغاز کر رہا ہے جس کے دوران ہر ماں اور بچے کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com