کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس روانہ

پی ایس ایل تھری سے باہر ہونے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑی اپنے اپنے ملک واپس روانہ ہوگئے۔
سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں جگہ نہ بناسکی اور ایلیمنیٹر کے سنسنی خیز میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی ۔
گلیڈی ایٹرز کے ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کے میچ کا حصہ بننے والے غیر ملکی کھلاڑی کرس گرین، رلی روسو، تھسارا پریرا، ٹام کوہلر اور محمود اللہ اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں تھسارا پریرا کا تعلق سری لنکا، محمود اللہ کا بنگلادیش، کرس گرین کا آسٹریلیا، رلی روسو کا جنوبی افریقا اور ٹام کوہلر کا انگلینڈ سے ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ کی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد مینجمنٹ نے تھسارا پریرا اور محموداللہ سے رابطہ کیا تھا اور دونوں کھلاڑی پاکستان آکر لاہور میں پشاور زلمی کے خلاف ٹیم کا حصہ بنے تھے۔

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com