ٹی20 کے بعد ایک اور فارمیٹ متعارف کروانے پر غور

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 کرکٹ کو مزید مختصر کرنے کی جانب ایک قدم بڑھاتے ہوئے 100 گیندوں کی کرکٹ کا نیا فارمیٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میچ میں ایک اننگز 100 گیندوں پر مشتمل ہوگی، اس کرکٹ میں روایتی چھ گیندوں پر 15 اوورز ہوں گے جبکہ آخری اوور دس گیندوں پر مشتمل ہوگا جس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے 20 گیندیں کم ہوں گی۔

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ آٹھ شہروں کی ٹیموں کے مابین ٹورنامنٹ کرانا چاہتا ہے، ان کا خیال ہے کہ 100 گیندوں کا یہ نیا فارمیٹ تماشائیوں کی توجہ حاصل کرلے گا اور وہ اس سے بہت تفریح حاصل کریں گے۔

یہ تجویز ای سی بی کی جانب سے میلبرن کرکٹ کلب اور فرسٹ کلاس کاؤنٹیز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کو پیش کی گئی ہے، ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ یہ ایک نیا اور پرجوش خیال ہے جو نوجوانوں اور کھیل کے مداحوں کی توجہ حاصل کرے گا۔

سو گیندوں کی کرکٹ کے نئے فارمیٹ کو براڈ کاسٹر نے خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ خواتین اور مرد کھلاڑیوں کے نمائندگان سے بھی اس بارے میں مشاورت کی گئی ہے۔

اگر 100 گیندوں پر مشتمل کرکٹ کا آغاز ہوجاتا ہے تو یہ انگلینڈ میں 2003 میں ٹی ٹوئنٹی کپ کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس کھیل میں سب سے بڑا قدم ہوگا۔
واضح رہے کہ کرکٹ میں چھ گیندوں پر مشتمل اوور کا معیار 1979-80 سے رائج ہے جبکہ اس سے پہلے مختلف ادوار میں چار، پانچ، چھ اور آٹھ گیندوں پر مشتمل اوورز کرائے جاتے رہے تھے۔

Social Media Auto Publish Powered By : XYZScripts.com