سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں لارجر بینچ کر رہا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران شہر میں تجاوزات کےخاتمے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت نے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رفاہی پلاٹوں پر قائم مکانات اور مارکیٹوں کو 15 روز کے بجائے45 روز کا پیشگی نوٹس دیا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز گھروں اور کاروباری جگہوں پر آپریشن فی الحال روکنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت سے مشترکہ لائحہ عمل طلب کیا تھا۔
خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری رکھاجائےگا ،کراچی میں تجاوزات کےپیچھےتمام سیاسی جماعتوں کاہاتھ ہے،میں نےاپناسیاسی کیریئرداؤپرلگادیاہے،کراچی کاستیاناس کردیااسےلوٹ کامال سمجھ لیاگیاتھا ۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ روز ریمارکس میں کہا تھا کہ میئر کراچی وسیم اختر اپنا سیاسی مستقبل داؤپر لگاکر کام کررہے ہیں، وہ اپنے ووٹرز کے سامنے کھڑے ہیں، اب وفاقی حکومت بھی سامنے آگئی ہے، ہم اس ملک میں قانون کے حکمرانی چاہتے ہیں، اگر کوئی پلان ہے تو مل کر بنا لیں۔