سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا اس وقت نئی فوجی قیادت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور یہ حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ آج تک کون سا سیاسی رہنما آیا ہے جو اپنی حکومت گرا دیتا ہے جو کہ 70 فیصد پاکستان ہے، یہ حکومت آکشن کے ذریعے آئی ہے، الیکشن کے ذریعے نہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے آئی ہے جس نے 20، 25 کروڑ روپے دے کر لوگوں کو خریدا، جنرل باجوہ نے ہمارے اوپر بٹھانے کے لیے ان کی مدد کی۔ انہوں نے حکومت میں آ کر گیارہ سو ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کروائے۔ ہماری معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا اورکبھی پاکستان کے معاشی حالات وہ نہیں جو آج ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان تمام مسائل کا حل صاف و شفاف انتخابات ہیں، جب تک پاکستان میں الیکشن نہیں ہوتے، کیونکہ نہ اندر سے کوئی سرمایہ کار، کاروباری شخصیت ان پر اعتماد رکھتا ہے، نہ باہر سے کوئی ان پر اعتماد رکھتا ہے۔