وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ، چار ملکی دورے پر کابل پہنچ چکے ہیں۔ ان کے ساتھ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام ہمراہ ہیں۔
کابل ہوائی اڈے پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر اور وزارتِ خارجہ افغانستان کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا۔
کابل پہنچنے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی سربراہی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی جبکہ افغان وفد کی سربراہی وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نے کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد افغان ہم منصب سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ افغانستان صدارتی محل پہنچ گئے جہاں ان کی افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ون آن ون ملاقات شروع ہو گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی افغانستان کے بعد ایران، چین اور روس جائینگے جہاں وہ ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ملاقاتوں میں علاقائی تعمیر و ترقی اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی۔