اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی میعاد آج ختم ہوگئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے تیرہ نومبر کو حمزہ شہباز کی ضمانت میں چھ روز کی توسیع کی تھی۔
تیرہ نومبر کو لاہور کی احتساب عدالت میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکی قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔ جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ صاف پانی کمپنی اور رمضان شوگر ملز انکوائری میں ریکارڈ فراہم کرچکا ہوں، موجودہ طلبی نوٹس میں الزام سے آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ریکارڈ دیا گیا، رمضان شوگر ملز اور شریف ڈیری فارم کے معاملے پر طلب کیا گیا، نیب اس سے قبل والد شہباز شریف کو گرفتار کر چکا ہے۔
حمزہ شہبازکے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی نہ ہوسکی تھی،جس کے باعث عدالت نے حمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں 20 نومبرتک توسیع کی گئی تھی، جس کی میعاد آج ختم ہوجائے گی۔
اس سے قبل یکم نومبر کو بھی لاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی صاف پانی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری 13 نومبر تک منظور کی تھی،حمزہ شہباز نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے اس لیے ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری دی جائے۔