قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، اسپیکر اسد قیصر اجلاس کی صدارت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کرینگے۔
اس سے قبل سولہ نومبر کو مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے آئندہ اجلاس کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست اسپیکر آفس میں جمع کرائی تھی،درخواست پر خواجہ آصف، شذا خواجہ اور مریم اورنگزیب کے دستخط موجود تھے۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے لئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں تا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں شامل ہو سکیں۔
واضح رہے کہ دس نومبر کو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ چوبیس نومبر کوپیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل چھ نومبر کو بھی اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں گرفتار اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے راہداری ریمانڈ میں دس نومبر تک توسیع کی تھی۔