آصف علی زرداری کا کہنا ہے غیر سنجیدہ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، قبل ازوقت الیکشن کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میاں صاحب نے مخالفین کیلئے احتساب کا قانون بنایا جو ان کے گلے پڑ گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہتے ہیں 18 ویں ترمیم میں کچھ شقیں کمزور ہیں، یہ کمزور شقوں کا بہانہ بنا کر 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، بلاول نہیں، مجھے اور میری بہن کو سوالوں کیلئے بلایا گیا ہے، عمران خان تو کہہ کر انتقامی کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 100 سال پرانی گورنر ہاؤس کی دیوار توڑنا ان کی پالیسی ہے، ہم نے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا حکومت غیر سنجیدہ ہے، سیاسی اپروچ نہیں، پہلے بھی بی بی کو تنگ کرنے کیلئے مجھے قیدی بنایا گیا، یہ ہماری ہمت آزمائیں، ہم ان کا ظلم آزمائیں گے، ہم میں ہمت، صبر بھی ہے، کیا عمران خان جیل برداشت کرسکیں گے ؟ ماضی میں بھی پیپلزپارٹی کیخلاف بہت سازشیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا افغانستان میں بھارت اور دوسری قوتیں دہشتگردی کرا رہی ہیں۔