ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے سات وکٹوں پر مزید 135 رنز کی ضرورت ہے۔
پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں کامیابی کے لیے دونوں ٹیموں کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔ گزشتہ روز کھیل ختم ہوا تو سرفراز الیون کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز رہا تھا۔ آج اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز پر تیسرے دن اننگ کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل 34، امام الحق نو اور محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے جب دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو نیوزی لینڈ کا اسکور 7 وکٹوں پر 229 رنز تھا، پہلے سیشن میں دو وکٹیں گریں اور کھانے کے وقفے کے بعد پوری کیوی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیم سن 89، بی جے واٹلنگ 77، جیت راول 45 اور کولن ڈی گرینڈ ہوم 20 رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے۔پاکستان کے بلال آصف نے 65 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، یاسر شاہ کو تین جبکہ حسن علی اور ڈیبیو ٹینٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، ابوظہبی ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم سیریز بھی اپنے نام کرلے گی۔