لاہور میں پنجاب بھر کے کسانوں کا ٹھوکر نیاز بیگ پر حکومت کیخلاف دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، جہاں کسانوں نے مطالبات تسلیم نہ کرنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کسانوں نے بھی احتجاج ختم کرنے سے صاف انکار کردیا ہے، جس کے بعد ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ملتان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے،جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ کسان اتحاد کا دھرنا گذشتہ رات شروع ہوا، مظاہرین نے رات کھلے آسمان تلے گزاری،اس موقع پر پنجاب حکومت کا کوئی بھی نمائندہ کسانوں سے مذاکرات کے لئے نہیں آیا تھا۔
بعد ازاں کسان اتحاد نے دھرنا دیتے ہوئے ملتان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کیا،جس کے باعث ملتان روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، اور اسکول جانے والے بچوں کو بھی شدید کوفت اٹھانا پڑی۔دوسری جانب مظاہرین کا موقف ہے کہ ہمارے مطالبات کو تسلیم کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے۔
کسان اتحاد کا مطالبہ ہے کہ کھاد اور یوریا کے پرانے نرخ بحال کئے جائیں اور گنے کی قیمت کا اعلان اور سابقہ ادائیگیاں کی جائیں۔