نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل ایپ تیار کرلی ہے۔
پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل پر ہی فنگر پرنٹس بھی لیے جاسکیں گے۔
نادرا نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل ایپ تیار کی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے موبائل ایپ پروگرام میں موبائل پر لائیو بائیومیٹرک کے حصول کے ساتھ ساتھ تصدیق بھی ہو سکے گی۔
PAK IDENTITY کے نام سے یہ موبائل ایپ Play Store سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے، جو نادرا کی ویب پورٹل سے منسلک کی جاسکے گی۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شعبے میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہونہار پاکستانی نوجوان نہ صرف بے شمار نئی مصنوعات، خدمات اور سہولیات متعارف کرا سکیں گے بلکہ اس سے ایمازون اور پے پال جیسے بڑے آن لائن عالمی اداروں کا اعتماد بھی بڑھے گا جو پاکستان میں اپنا کاروبار بڑھانے اور پاکستانی صارفین کو اپنی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کی طرف مائل ہوں گے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی نادرا کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’نادرا نے PAK-ID موبائل ایپ کا افتتاح کیا جو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے بطورِ خاص ایک انقلابی قدم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ id.nadra.gov.pk کےدرخواست گزار اب موبائل فونز کے ذریعے انگلیوں کے نشانات، تصاویر اور دستاویز حاصل کرسکتے ہیں۔