کراچی :شہر قائد میں ہونے والی تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ رک گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق سمندر کے جنوب مشرق میں موجود سسٹم کی شدت برقرار ہے جس کے باعث شام میں یا رات میں پھر بادل برس سکتے ہیں۔
کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، گلستان جوہر ، پہلوان گوٹھ، ملیر، قائد آباد، سعدی ٹاؤن، کورنگی،گلشن اقبال اور سخی حسن کے اطراف میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
دوسری جانب آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، شارع فیصل، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی بادل برسے۔
اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر چاروں طرف سے بادلوں کی لپیٹ میں ہے جس کے پیش نظر مزید ایک سے دو گھنٹے تک بارش ہو سکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندر کی جانب سے مزید گہرے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، شہر کے شمال مشرق میں بھی کافی بادل موجود ہیں، اگر یونہی تیز بارش ہوتی رہی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کامختلف علاقوں کا دورہ
دوسری جانب حکام کی جانب سے شہریوں کے لیے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران اکثر مقامات پر پھسلن ہو جاتی ہے لہٰذا شہری گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور ڈرائیورز احتیاط سے گاڑی چلائیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دورے کے دوران مرتضیٰ وہاب نے حکام کو ہدایات دیں کہ نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں اور تمام عملہ فیلڈ میں موجود رہے تاکہ شہریوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور مشرقی بلوچستان میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کے چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور مرطوب رہے گا۔