وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا ہےکہ گوادر اور کوئٹہ دھماکوں کے خودکش بمبار افغانستان سے آئے تھے، دونوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں کل ایف سی پر جو حملہ ہوا اس میں ملوث دہشت گرد افغانستان سے آیا،گوادر اورکوئٹہ دونوں جگہ ہونے والے دھماکوں کےخودکش بمبار افغانستان سے آئے، دونوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی ہے، افغانستان میں حکومت بن جائے پھر تفصیلی بات کروں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، پاکستان میں کوئی مہاجرکیمپ نہیں، طالبان کی سی پیک میں شمولیت کی خواہش خوش آئند ہے، افغان حکومت نےکہا ہےکہ اُن کی زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خطے میں بھارت کو سب سے زیادہ منہ کی کھانی پڑی، چمن بارڈرکا معاملہ 12 تاریخ تک حل کرلیا جائےگا۔
خیال رہےکہ گذشتہ روزکوئٹہ میں مستونگ روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید اور 19 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل سوار دہشت گرد نے مستونگ روڈ پر چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔
اس سے قبل 20 اگست کو گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری زخمی ہوگیا تھا،دھماکےکے مقام پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو زخمی بھی ہوئے تھے۔