عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ کورونا ویکسینیشن پالیسی کے پیش نظر کورونا وائرس سے جلد چھٹکارا پانا ممکن نہیں۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے یورپی دفتر کے سربراہ نے بھی عالمی وبا پر قابو پانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ اب یقین ہوتا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس اگلے کئی برسوں تک موجود رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو پانا فوری طور پر مکمن دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ وائرس مسلسل اپنی شکل بدل رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم کے ہیلتھ حکام کو مل بیٹھ کر ویکسینیشن کے موجودہ پروگرام اور طریقہٴ کار کا جائزہ لینا ہو گا اور مستقبل کی ترجیحات اقوام کی ضروریات کے تناظر میں مرتب کرنی ہوں گی۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہٴ صحت نے رواں برس مئی میں کہا تھا کہ جب بیشتر اقوام میں ستر فیصد تک ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو جائے گا تو ان ممالک میں کورونا وائرس کی وبا دم توڑ جائے گی۔ بظاہر ایسا نہیں ہوا اور کووڈ انیس کی موجودہ نئی لہر خطرہ بنی ہوئی ہے۔
ہانس کلوگے سے جب مئی کے ان کے بیان کے حوالے سے پوچھا گیا کہ وہ اس موقف پر قائم ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ زمینی حقائق نے ماضی کی صورت حال کو اب پوری طرح تبدیل کر دیا ہے۔