پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا اور قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامرکو بھی آفر کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ انہیں بتائے بغیر کنٹریکٹ دیا گیا، سوچیں گے کیا کرنا ہے۔
پی سی بی کی طرف سے سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان کے بعد محمد عامر نے بیان دیا کہ انہیں بتائے بغیراے کیٹگری میں شامل کیا گیا،فوری دستخط کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔
محمد عامر نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز سے انگلینڈ جائیں گے اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں، ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ نئے کنٹریکٹ سے بڑے بڑے کھلاڑی محروم رہ گئے ہپں،کرکٹرسرفرازاحمد، کامران اورعمراکمل کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔
اے پلس کیٹگری میں خوشدل شاہ، عبداللہ شفیق اور نسیم شاہ سمیت 10کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
محمدعامر، شرجیل خان، وسیم جونیئر اور شان مسعودسمیت 40 کرکٹر اے کیٹگری میں شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پانچوں کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کیلئے100،000 روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
اے پلس کیٹیگری کے 10 کھلاڑیوں کو اب ہر ماہ 250،000 روپے دیئے جائیں گے۔ اے کیٹیگری کے 40 کرکٹرز کو185،000 ، کیٹگری بی کے 40 کھلاڑیوں کے لیے 175،000، سی کیٹیگری 165،000اور ڈی کیٹیگری کے 37 کھلاڑیوں کو 140،000 روپے ہر ماہ ملیں گے۔
جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہیں ملا وہ انتخاب کے لیے دستیاب رہیں گے اور پچھلے سال کی طرح میچ فیس ، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں حصہ وصول کریں گے۔
اے پلس کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، افتخار احمد، کامران غلام، خوشدل شاہ ، محمد عباس، نسیم شاہ، ساجد خان، سعود شکیل ، صہیب مقصود اور زاہد محمود شامل ہیں۔
اے کیٹیگری میں عامریامین، عادل امین، احمد صفی عبداللہ، اکبرالرحمن، انور علی، ارشد اقبال، اسد شفیق، آصف علی، اعظم خان ، بلال آصف ، احسان عادل، حیدرعلی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران خان، اسرار اللہ، جلات خان، کاشف بھٹی، خالد عثمان، میر حمزہ، محمد عامر، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، موسیٰ خان، راحت علی، رضا حسن، ریحان آفریدی، سعد علی، سلمان علی آغا، شان مسعود، شرجیل خان ، سہیل خان، سہیل تنویر، تابش خان، عمر امین، عمر صدیق، عثمان خان شنواری، عثمان صلاح الدین، وقاص مقصود اور ظفر گوہر شامل ہیں۔