شہر قائد میں سائیبرین ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز تک تیز ہوائیں چلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے کشمیر تک سردی رنگ جمانے لگی ہے، ملک بھر میں سردی اپنا رنگ دکھا رہی ہے،تیز ہواؤں نے بلوچستان لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے باعث شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، شمال مغرب سے آنے والی ہوائیں اگلے 2 روز تک چلیں گی،اس وقت شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ دن بھر 12 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت 25 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد اور دن بھر 30 فیصد تک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولاکوٹ میں درجہ حرارت ایک،مظفرآباداور گلگت میں 2،اسلام آباد میں 3،پشاور میں 4، لاہور اور اسکردو میں درجہ حرارت 6، فیصل آباد میں 5، ملتان اور سیا لکوٹ میں 7، سکھر میں 8، حیدر آباد میں 12، گوادر میں 16 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا امکان ہے۔