وزیر اعظم عمران خان نے تربت میں سیکیورٹی فورسزکے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی بزدلانہ کاروائیاں جوانوں کے حوصلے متاثر نہیں کر سکتیں، دہشت گرد عناصر کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسزکے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کاروائیاں جوانوں کے حوصلے متاثر نہیں کر سکتیں، دہشت گرد عناصر کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ چھ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں تربت کے علاقے بلیدہ کے نزدیک واکئی ایریا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر یہ آپریشن دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کیا گیا جہاں فائرنگ کےتبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے آئی ای ڈیز سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔