فلم،ریڈیو،ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار علی اعجاز ستر برس کی عمر میں انتقال کرگئے،علی اعجاز کو پڑنے والا دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا علی اعجاز نے خواجہ اینڈ سن نامی ڈرامے سے شہرت حاصل کی۔
علی اعجاز نے اپنے فنی سفرکا آغاز ریڈیو سے کیا، اس کے علاوہ پاکستان ٹیلی وژن سے ڈرامہ سیریل لاکھوں میں تین میں کام کرکے شہرت سمیٹی۔ علی اعجاز نے سینکڑوں اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ٹی وی پر ان کے مشہور ڈراموں میں دبئی چلو، خواجہ اینڈ سن اور شیدا ٹلی کے نام سر فہرست ہیں۔علی اعجاز نے مزاحیہ اداکاری کے علاوہ سنجیدہ کرداروں میں بھی اپنے آپ کو منوایا۔حکومت پاکستان نے انھیں 14اگست 1993کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔