وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیا کر رہی ہے؟ کسی صورت امن و امان کی صورتحال کو خراب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اداروں کو مکمل خود مختاری دی ہے لیکن نتائج بالکل بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ چھ ہفتوں میں دہشت گردی کے چھ واقعات ہو چکے ہیں اور یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ دہشت گرد ایک بار پھر اکھٹے ہو رہے ہیں لیکن ہم چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے کہا کہ میں شہریوں کو خوف کے ماحول میں نہیں دھکیل سکتا۔ ضلع جنوبی میں دہشت گردی کے زیادہ واقعات ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو علی رضا عابدی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔