حکومت نے پولیس اور عدالت پر ’مسلح جتھوں کے متشدد حملوں‘ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ جے آئی ٹی بنانے کا اقدام گزشتہ روز حکومت میں شامل جماعتوں کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔
عہدیدار کا بتانا تھا کہ ہائی پاورڈ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کی سمری تیار کرلی گئی ہے جو وزارت داخلہ آج وزیراعظم کو بھجوائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں وزارت داخلہ، پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ حساس اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے۔
جے آئی ٹی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پولیس پر تشدد کی تحقیقات کرے گی اور 7 روزمیں اپنی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرائے گی۔
تحقیقات کے دوران پٹرول بم حملوں، کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ عسکریت پسندوں سے متعلق حقائق اکٹھے اور جوڈیشل کمپلیکس کا گیٹ توڑنے، پتھراﺅ، موٹر سائیکل اور گاڑیاں جلانے کے تمام شواہد جمع کیے جائیں گے۔
عہدیدار کے مطابق جے آئی ٹی کی چھان بین میں املاک کی توڑپھیلاﺅ، آتش زنی، کار سرکار میں مداخلت اور تشدد کے پہلوﺅں کا احاطہ کیا جائے گا۔