یروشلم: فلسطینی شہر غزہ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر دیا، شہر میں کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔
فلسطینی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے کئی تربیتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے،فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری طرف بیت المقدس کی مسجد اقصیٰ میں ہونے والی جھڑپوں میں اسرائیلی پولیس نے اب تک تقریباً 350 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ فلسطینی مسجد کی حفاظت کے لیے احاطے میں موجود تھے کیونکہ ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یہودی انتہا پسند اس کمپاؤنڈ میں بکرا ذبح کرنے کی کوشش کریں گے جسے یہودی خود ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ کہتے ہیں۔