پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے لیے زمان پارک سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
عمران خان کے قافلے پر کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، سیکیورٹی اسکواڈ سمیت سینئر قیادت بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ روانہ ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق دوپہر ڈھائی بجے سماعت کریں گے۔
عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ بغاوت اور دوسرا اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، ان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع ہوگا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔
کمرہ عدالت میں داخلہ صرف خصوصی پاسز سے مشروط ہوگا، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔