محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی پیشگوئی کردی ہے۔
اب رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقے گرمی کے زیر اثر رہیں گے، اور فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث بیشتر مقامات پر موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی علاقوں میں 10 مئی سے 14 مئی تک درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے، جب کہ سندھ ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری، اور اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر وگلگت بلتستان میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری معمول سے زیادہ رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں10 مئی سے 14مئی تک گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موسم آج بھی گرم رہنے کا امکان ہے، اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔