پشاور سمیت صوبہ بھر میں پی ٹی آئی مظاہروں کے دوران شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 53 مظاہرین اور 15 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دو ہسپتالوں میں 4 لاشیں اور 52 زخمی لائے گئے، جبکہ 12 پولیس اہلکار پولیس سروس ہسپتال میں پہنچائے گئے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق زخمیوں کو گولیاں لگی تھیں۔ جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں میں بیشتر کی حالت تسلی بخش ہے، ان کو ٹانگوں اور ہاتھوں پر گولیاں لگی ہیں، ایک کو چہرے پر بھی گولی لگی ہے۔
ایل آر ایچ کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اس وقت ہائی الرٹ پر ہے جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7 زخمی لائے گئے۔
پشاورمیں تحریک انصاف کے پرتشدد مظاہرین نے شیرشاہ سوری پل کے قریب ڈیوٹی پر معمور 3 ایس پیز،ایک ڈی ایس پی، 4 ایس ایچ اوز اور 11 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں میں ایس پی رورل ظفرخان، ایس پی سٹی عبدالسلام خان، ایس پی سیکورٹی عتیق شاہ، ڈی ایس پی شکیل خان بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج میں مشتعل مظاہرین کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے دو کارکن جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔