چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچا دیا گیا ہے۔
عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے سخت سیکیورٹی میں ہائیکورٹ پہنچے۔ القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیئے ان کی درخواست کی سماعت کے لیے نیا 2 رکنی ڈویژنل بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پرمشتمل 2 رکنی ڈویژنل بینچ کچھ دیر میں سماعت کا آغاز کرے گا۔
عمران خان کو کمرہ عدالت نمبر 2 کے باہر پہنچا دیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کرنے والا کمرہ عدالت چھوٹا پڑ گیا، سیکیورٹی اہلکارعمران خان کو تاحال کمرہ عدالت میں نہیں لاسکے۔
کمرہ عدالت میں صرف 20 لوگوں کی گنجائش ہے جبکہ 100سے زیادہ افراد موجود ہیں۔
عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے پچھلے دروازے کو سیل کردیا ہے اور دو دروازوں پر سکیورٹی کےانتہائی سخت انتظامات ہیں۔