اسلام آباد: پاک فوج کی قیادت نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو کور کمانڈر کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فوجی تنصیبات پر حملے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیے گئے اور یہ کہ مسلح افواج حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور حوصلہ افزائی کرانے والوں سے بخوبی وقف ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے میں ملک کے اندر بے یقینی ختم کرنے کیلئے جلد از جلد قومی اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا اور کہا گیا کہ مسلح افواج اس سلسلے میں کوششوں کی حمایت کریں گی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فورم نے ملک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوجیوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب کا اعتراف کیا اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم کو موجودہ اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
فوج نے گزشتہ چند دنوں کے دوران سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پیدا کی گئی امن و امان کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا۔
آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہداء کی تصاویر، یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط آتش زنی کے منصوبے پر عمل درآمد کیا گیا تاکہ ادارے کو بدنام کیا جا سکے اور اسے ایک زبردست ردعمل کی طرف اکسایا جا سکے۔