وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کم کرنے کا اعلان کردیا۔
اسحٰق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 16 مئی سے 31 مئی تک کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کی ہر مہینے بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف بین الاقوامی مارکیٹ کی بنیاد پر پاس کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج رات 12 بجے کے بعد اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے کمی کی جا رہی ہے، اس کی نئی قیمت 282 روپے سے کم ہو کر 270 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے اور فی لیٹر قیمت 288 روپے سے کم ہو کر 258 روپے مقرر ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل میں 12 روپے فی لیٹر کم کی جا رہی ہے اور اس کی قیمت 176 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر نئی قیمت ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل جو ٹیوب ویل اور اس طرح کی چیزوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کی قیمت میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے مقرر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی جا رہی ہے۔