پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان زمان پارک لاہور سے انسداد دہشت گردی عدالت پہنچ گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کی 2 مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت کو انتظار میں رکھ لیا اور سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔
دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب تک عمران خان تشریف لاتے ہیں آپ دلائل دینا شروع کریں، عمران خان نے صرف حاضری ہی لگوانی ہے۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کے کیسز ہیں، 2 مقدمات میں پولیس کے رویے کو سامنے رکھوں گا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لارجر بینچ مقدمات کو دیکھ رہا ہے۔
عدالت کے طلب کرنے پر عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئے، اس موقع پر عدالت میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔