محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ملک کے بالائی علاقوں میں رات کے اوقات میں موسم شدید سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 02 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، گلگت میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 07 اور اسکردو میں منفی 14 ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہورکے مختلف علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 02 جب کہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد رہے گا۔
خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا۔ دیگر علاقے شدید ٹھنڈ اور خشکی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
پنجاب، سندھ اور آزادکشمیر کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔