سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے مذاکرات کیلئے ہم نے کہا تھا بات کرلیتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نیب کا ادارہ رہے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اس ملک پر رحم کریں اور نیب کے ادارے کو بند کردیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، پارلیمنٹ آئین کے مطابق کام کریں۔ تمام ادارے ذمہ داری سے کام کریں تب ہی ملک چلے گا۔ سب کو ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عدالتوں میں صرف سیاستدان آرہے ہیں،عدالتوں میں جھوٹے مقدمے موجود ہیں۔ اگر ملٹری کورٹ کا دائرہ اختیار بنتا ہے تو مقدمات چلائے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعتیں بنانا سب کا حق ہے، میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ عوام کو ریلیف دیں گے تو ملک چلے گا عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے اگر مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر دوسری جماعت جوائن کی تو وہ ان کے ساتھ ہوں گے۔