ملک کے بالائی علاقوں میں منگل کے روز گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں اور محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہےتاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت گھنے بادل چھائے رہے تاہم سردی کی شدت میں قدرے کمی ریکارڈ کی گئی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی رہا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند پڑنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حافظ آباد، سمندری روڈ اور گردونواح میں صبح کے شدید سےحد نگاہ کم ہوکر صرف 10 میٹر رہ گئی جس سے اہم شاہراہوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
لاہور میں دھند کی شدت میں کمی آئی ہے تاہم سردی برقرار اور محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے خشک سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ زیارت میں گھنے بادل چھائے رہنے کے باوجود کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں گھنے بادل چھائے رہنے اور متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں کے برعکس سندھ میں سخت دھوپ نکلے گی اور آئندہ چند روز تک کہیں بارش متوقع نہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گوپس منفی09، استور منفی06، کالام منفی05، بگروٹ، گلگت منفی03، مالم جبہ، پاراچنار، ہنزہ، چترال، راولاکوٹ منفی02، لوئر دیر، مری، قلات، ژوب، گڑھی دوپٹہ اور کوئٹہ میں منفی01ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔