اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کے لئے فرانس روانہ ہوگئے ،شہباز شریف سمٹ میں پاکستان کا مؤقف اورتجاویز پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف 3روزہ دورےپرفرانس روانہ ہوگئے ،جہاں وہ پیرس میں موسمیاتی تبدیلی سےمتعلق عالمی سمٹ میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف فرانسیسی صدرکی دعوت پر سمٹ میں شرکت کررہے ہیں ، سمٹ میں شہبازشریف پاکستان کا مؤقف اورتجاویز پیش کریں گے
بین الاقوامی موسمیاتی تبدیلی پرگلوبل فنانسنگ سمٹ کی میزبانی فرانس کررہا ہے، سمٹ کا انعقاد 22 اور23 جون کو ہوگا۔
گلوبل سمٹ کے دوران وزیراعظم کی فرانس کے صدر ایمینول میکرن سے بھی ملاقات ہوگی جبکہ دیگرعالمی رہنماؤں سےبھی ملیں گے۔
یاد رہے روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں دورہ فرانس کے حوالے سے کہا تھا کہ دورہ فرانس میں چیلنجزسےنمٹنےکیلئےبین الاقوامی مالیاتی اداروں کی تنظیم نوکی ضرورت پرپاکستان کامؤقف پیش کروں گا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی،قدرتی آفات،قرضوں کی بڑھتی سطح سمیت دیگرچیلنجزنےخطرے کی گھنٹی بجادی، عالمی مالیاتی نظام کونمائندہ اور مساوی بنانے کیلئےاس پر ازسرنوغور کرنے کی ضرورت ہے اور فرانس میں نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ دنیا کیلئےایک منفرد موقع کی نمائندگی کرتا ہے۔