اسلام آباد: قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈر جاری کردیا۔
قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے ججز کی تنخواہوں کا آرڈر 2023 جاری کیا جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 12 لاکھ 29 ہزار 189 روپے ماہانہ ہوگی جب کہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے ماہانہ ہوگی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ ججز تنخواہ 2022 کے آرڈر کے مطابق چیف جسٹس کی تنخواہ 10 لاکھ 24 ہزار 324 روپے تھی جب کہ 2022 کے آرڈر کے مطابق سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 9 لاکھ 67 ہزار 636 روپے تھی۔
چند ہفتے قبل پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس (پی اے سی) کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تنخواہ وصول کرنے میں پاکستان میں پہلے نمبر پر ہیں۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صدر، وزیراعظم اور ججوں کی گراس سیلری کی تفصیلات پیش کی گئی تھیں۔
پی اے سی میں بتایا گیا تھا کہ صدر مملکت کی تنخواہ 8 لاکھ 96 ہزار 550 روپے ہے، وزیراعظم کی تنخواہ 2 لاکھ ایک ہزار 574 روپے ہے، وفاقی وزیرکی تنخواہ 3 لاکھ 38 ہزار125 روپے ہے، ممبر قومی اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 88 ہزار روپے ہے جب کہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 15 لاکھ 27 ہزار 399 روپے ہے۔
چیئرمین پی اے سی نے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 14 لاکھ 70 ہزار 711 روپے ہے جب کہ گریڈ22 کے وفاقی افسر کی تنخواہ 5 لاکھ 91 ہزار 475 روپے ہے۔