سابق وزیر اعظم نواز شریف سعودی عرب پہنچ گئے ہیں مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف دبئی سے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں اس موقع پر ان کی صاحبزادی اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
نواز شریف اور مریم نواز ایک دور روز میں عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم سعودی عرب میں لگ بھگ دو ہفتے قیام کریں گے۔ اس دوران نواز شریف اور مریم نواز اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان کی سعودی شاہی خاندان اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں طے ہیں۔
نوازشریف کا مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کاروں سے تبادلہ خیال بھی متوقع ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق تمام ملاقاتیں پہلے ہی شیڈول کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف جو بغرض علاج چار سال سے لندن میں مقیم ہیں وہ عیدالاضحیٰ سے قبل دبئی پہنچے تھے ان کے وہاں پہنچنے کے بعد دبئی پاکستانی سیاست کا مرکز بن گیا تھا جہاں ن لیگ کے اہم اجلاس ہوئے جس میں ملکی سیاست اور آئندہ انتخابات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے بھی دبئی میں ملاقات کی تھی جس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی، معاشی مسائل، ممکنہ اتحاد اور انتخابات سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔