وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ ’غیر ملکی ایجنٹ‘ ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو لوگ پگڑیاں اچھالتے تھے، لوگوں پر بے بنیاد الزامات لگاتے تھے وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف اچھا آدمی تھا اور ملکی تباہی کا ذمہ در سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کہتے ہیں کہ توشہ خانہ سے چوری ہم نے نہیں کی، کہتے ہیں کہ مجھے کیا پتا 190 ملین پاؤنڈ کے لفافے میں کیا تھا، مجھے کچھ پتا نہیں میری کابینہ کے سارے افراد سے پوچھیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو جھوٹا، دھوکے باز، فراڈیا اور ذہنی مریض ہے جس کا مرض لاعلاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص کا مرض لاعلاج ہے، کیونکہ اس کا مرض جھوٹ بولنا، فراڈ کرنا، سازش، فتنہ مچانا ہے جو خود کہتا تھا کہ ملک کے ٹکڑےٹکڑے ہو جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل شہباز شریف نے ان تمام چیزوں کی نشان دہی کی کہ ملک سے باہر بیٹھا ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے، جنہوں نے لسبیلہ (بلوچستان) میں ہیلی کاپٹر کے شہدا کے لیے مہم جوئی کی، جنہوں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، کبھی وزیراعظم، کبھی وزیر داخلہ، وزیر قانون اور کبھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف خطرناک سوشل میڈیا مہم چلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ اس غیر ملکی ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیے کی پراکسیز ہیں، جو کبھی کہتا ہے کہ مجھ پر راکٹ لانچر کے ساتھ حملہ ہونے والا ہے، قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے، کوئی اس سے پوچھے کہ اگر تم پر حملہ ہونے والا ہے تو کیا بالٹی یا ڈھکنا رکھنے سے حملہ نہیں ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر تحقیقات ہو رہی ہے، وہ تمام عناصر جو صحافت اور آزادی اظہار کا سہارا لے کر اس شخص کی پراکسیز بن کر اس قسم کا خطرناک کھیل کھیلتے ہیں ان کے خلاف تمام ثبوت آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ غیرملکی ایجنٹ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بے شرم آدمی یہ پوچھتا ہے کہ 9 مئی کا فائدہ کس کو ہوا، جس شخص نے منصوبہ بندی کی، ذہن سازی کی، اس کا منصوبہ بنایا، اس کی ہدایات دیں اور اس پر عمل کیا وہ پوچھتا ہے 9 مئی کے واقعے سے کس کو فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کا فائدہ پاکستان کے دشمن کو ہوا ہے اور سازش کو ناکام بنانے کا فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے، اور تم (عمران خان) جیسا شخص جو کہ نوجوانوں کو اکساتا ہے وہ پوچھتا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ کس کو ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ تم (عمران خان) کہتے ہو کہ تم سے زیادتی ہوئی ہے، میں تمہیں بتاتی ہوں کہ زیادتی کیا ہوتی ہے، زیادتی وہ ہوتی ہے جب تین بار کے منتخب وزیراعظم کو پاناما کا سہارا لے کر ان کو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل میں ڈالنا، اس کو تمام سہولیات سے محروم رکھنا اور باہر امریکا میں یہ کہنا کہ واپس جاکر ان کے کمرے سے اے سی اتاروں گا۔