محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر منگل کے روز بھی دھند پڑنے کا اندیشہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں منگل کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی قدرے کمی ریکارڈ کی گئی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے چند علاقوں میں شدید دھند پڑنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ لاہور میں صبح کے وقت مطلع صاف ہونے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے پارہ کم سے کم چار ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
بلوچستان کے اکثر اضلاع میں منگل کے روز بادل چھائے رہیں گے تاہم آئندہ دو روز تک بارش کا امکان نہیں۔ سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑنے کا امکان ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی پانچ تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے چند اضلاع میں منگل کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
سندھ کے اکثر اضلاع منگل کے روز خشک سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گزشت 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ اسکردو ملک کا سرد ترین مقام رہا جہاں کا درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔