الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کا شیڈول دسمبر کے دوسرے ہفتے میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرلیا ہے۔ آج چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، لا ونگ اور ممبران نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کا معاملہ زیر بحث آیا۔ دورانِ اجلاس حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ پر بھی بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جلد حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت کی منظوری کا امکان ہے۔ ملک بھر کی حتمی حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو کی جائے گی۔