وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں تبدیلی کے لیے پیپلزپارٹی کے سینئر اراکین نے ہم سے رابطہ کیا ہے لیکن ہم پیپلزپارٹی کو موقع دینا چاہتے ہیں اگر انہوں نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا تو عملی اقدامات کریں گے۔
کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اومنی گروپ کا چراغ رگڑ کر جو جِن سامنے آتا ہے وہ مراد علی شاہ ہیں، اس کے بعد لوگوں کے جعلی اکاؤنٹس بھی کھلتے ہیں اور دوسرے کام بھی ہوتے ہیں، اس لیے مراد علی شاہ سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کو موقع دینا چاہتے ہیں کیونکہ مراد علی شاہ سندھ کے عوام کے مفاد کے خلاف کام کررہے ہیں لہٰذا پیپلزپارٹی خود اس پر سوچے اور اپنے وزیراعلیٰ سے استعفیٰ لے، ان لوگوں نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔