کراچی پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے کیلیے غیر قانونی راستہ اختیار نہیں کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا پیپلزپارٹی کو خدشات تھے، پی پی چاہتی ہے استحکام ہو تاکہ ملک کو آگے لے کر جایا جائے، آئینی وقانونی حق کے استعمال سے کسی کو منع نہیں کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کبھی نہیں کہا کہ ایم کیو ایم سے کوئی لڑائی ہے یا دشمنی ہے، آصف زرداری کا دل بہت بڑاہے، ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، ملکی مسائل کے حل کیلئے سب کو اکٹھا صرف آصف زرداری کر سکتے ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ملک کے لئے تمام اسٹیٹ ہولڈرز کو اکٹھا بیٹھنا پڑے گا، ملک ہے تو سب کچھ ہے، سیاست اور الیکشن یہ سب بعد کی باتیں ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پہلے نواز شریف آئی جے آئی بنا کر جیتے، پھر 2013 میں دھاندلی کر کے جیتے، بانی پی ٹی آئی کو عدم اعتماد سے ہٹایا گیا، یپلزپارٹی اسمبلی میں بیٹھی ہے لیکن ضروری نہیں کہ مولانا صاحب نے جوبات کی ہے وہ 100 فیصد درست ہو۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بانی پی ٹی آئی کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا تھا، پیپلز پارٹی نے کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی راستہ اختیار نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پی پی اور ن لیگ سے بات نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں ملکی مسائل کے حل کیلئے ساتھ بیٹھیں، چند جماعتیں بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی تھیں، چند جماعتیں کہہ رہی تھیں تیاری نہیں پھر اچانک ایسا کونسا الٰہ دین کا چراغ آگیا، ہمیں بہت سے حلقوں کے نتائج سے متعلق خدشات ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جو امیدوار سمجھتا ہے اس سے الیکشن میں زیادتی ہوئی ہے وہ قانونی حق استعمال کرے، اپنے کسی امیدوار کو آئینی وقانونی حق کے استعمال سے منع نہیں کیا جائے گا، ایم کیو ایم کے جرائم پیشہ افراد کی رہائی اور الیکشن لڑنے کی خبریں آئی ہیں، جرائم پیشہ افرادکے الیکشن لڑنے کے معاملے کی مختلف فورم پر نشاندہی کی ہے۔