کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں ہونے والے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے میچز میں کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی۔
ی ایس ایل کا نواں سیزن اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں کراچی اور راولپنڈی میں میچز شیڈول ہیں۔ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میچ دیکھنے آنے والے شائقین چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑیاں پارک کرسکیں گے۔ میچز کے دوران ہیوی ٹریفک کا سہراب گوٹھ سے نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر کی طرف داخلہ بند ہوگا۔
ٹریفک پلان کے مطابق پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی طرف اور کارساز سے اسٹیڈیم، ملینئم شاپنگ مال سے نیو ٹاؤن کی طرف بھی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
پی ایس ایل میچز کے دوران اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر کی طرف بھی ہیوی ٹریفک کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔