اسلام آباد قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، حلف برادری کے بعد نعرے بازی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔
افتتاحی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق افتتاحی اجلاس کے آغاز پر تلاوت کلام پاک، حمد وثنا اور قومی ترانہ پڑھا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔
نامزد اسپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر، آصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اراکین نے رول ممبرز پر دستخط کیے۔
مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، نور عالم خان سمیت دیگر اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔
ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔