کراچی، قومی نصاب کونسل کے تحت طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاق کے بعد تمام صوبوں میں 28 سال بعد نویں سے بارہویں جماعت میں نئے مضامین متعارف کروا دیے گئے۔
اس ضمن میں ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی نے بتایاکہ وفاق کے بعد اب تمام صوبوں یعنی سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی مرحلہ وار نوٹیفائی کیا جارہا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت کے اختیاری، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹیکنیکل مضامین یعنی مجموعی طور پر 83 مضامین اپڈیٹ کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لازمی مضامین 2006 میں جبکہ اختیاری مضامین 1995 میں آخری مرتبہ اپڈیٹ ہوئے تھے، اسی لیے مضامین کو دور حاضر کے مطابق اپڈیٹ کرنا بہت ضروری تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے اضافی تکنیکی مضامین میں اشتہار، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، سول کنسٹرکشن، کمپیوٹر ایپلیکیشن، کمپیوٹر ہارڈویئر، مارکیٹنگ، انٹرپرینیورشپ، ایونٹ مینجمنٹ، فوڈ پروسیسنگ اور تحفظ، موٹر وائنڈنگ، آٹومیشن اور روبوٹکس ٹیکنالوجی، ویلڈنگ، لکڑی کے کام کے مضامین شامل ہیں۔