ڈیری فارمر ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کردیا، رہنما کا کہنا ہے کہ رمضان کے بعد قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوجائیگا۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن شبیر ڈار کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کے ریٹ پر دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، ماہ صیام کے بعد دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔
رہنما ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کمشنر کراچی دودھ کی نئی قیمت کا تعین کریں۔ اوپن مارکیٹ میں دودھ کے نرخ 12 ہزار روپے من تک پہنچ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دکانداروں کو دودھ 316 روپے فی لیٹر پڑ رہا ہے۔ بھینس کی قیمت 5 سے 6 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، چارہ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
شبیر ڈار نے کہا کہ اس قیمت پر شہر میں دودھ کی فراہمی بند ہوسکتی ہے۔ صورتحال یہی رہی تو شہر میں خالص دودھ کی سپلائی جاری رکھنا مشکل ہوجائیگا۔