اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں واضح کیا کہ سیاسی جماعتیں اور امیدوار نظریہ پاکستان اور سالمیت کے خلاف بیان نہیں دیں گے اور ایسا کوئی بیان نہیں دیا جائےگا جس سےآرمڈ فورسز، پارلیمنٹ یا عدلیہ کی تضحیک ہو۔
سیاسی جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے سے اجتناب کریں گے، امیدوارکسی بھی کرپٹ اور غیرقانونی عمل میں ملوث نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں صدر اور صوبائی گورنرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سینیٹ انتخابات کیلئےانتخابی مہم میں شامل نہیں ہوں گے جب کہ ضابطہ اخلاق میں ووٹرز کے پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔