کسٹم عدالت نے ماڈل گرل ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو 15 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
کسٹم کی خصوصی عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈالر گرل ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ اور مقدمہ ختم کرنے کی تینوں درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
عدالت نے ملزمہ کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر وہ عدالت نہیں آئیں تو پھر اُنہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی جائے گی۔
کسٹم عدالت نے جج نے کہا کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے۔ عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پر عدالت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے اسلام آباد کے بے نظیر ائرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ملزمہ کے قبضے سے چھ لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔