بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور ایک بار پھر ٹائیگر شروف کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی انہوں نے فلم ’باغی 3‘ میں دھماکے دار انٹری کی تیاری کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈ والا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’باغی 3‘ کی پوری ٹیم شردھا کپور کے ایک بار فلم کا حصہ بننے پر خوش ہے ٹائیگر اور شردھا کی جوڑی کو فلم باغی کی وجہ سے بہت شہرت ملی اور مجھے پورا یقین ہے کہ شائقین ان دنوں اداکاروں کو ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھنے کے لیے پُرجوش ہوں گے۔
شردھا نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں باغی فیملی کا حصہ بننے پر بے انتہا خوش ہوں، فلم ’باغی‘ کے ساتھ گزرا یادگار وقت آج بھی یاد ہے، اس بار فلم کا اسکرپٹ پہلے سے زیادہ اچھا ہے، دوسری بار بھی فلم کے سیکوئل میں شامل ہونا اعزاز کی بات ہے۔
واضح رہے کہ ایکشن سے بھرپور فلم ’باغی‘ پہلی بار 2015ء میں ریلیز کی گئی۔ فلم کی مقبولیت کے پیش نظر فلم کا سیکوئل گزشتہ سال ریلیز کیا گیا۔ ناڈیاڈ والا گرینڈ سن کے بینر تلے بننے والی اس کی ہدایت کاری کے فرائض احمد خان انجام دیں گے جب کہ یہ فلم 6 مارچ 2020ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔